بنگلورو ،8؍جولائی (ایس او نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مرکز ی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کے پی سی سی کے زیر اہتمام بنگلورو سائیکل احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں بشمول کے پی سی سی کارگزر صدور سلیم احمد ، رام لنگا ریڈی ، رکن اسمبلی رضوان ارشد اور دیگر نے شرکت کی۔
رام لنگا ریڈی کی قیادت میں یہ ریلی کے پی سی سی دفتر بی بی ایم پی دفتر تک نکالنے کا کانگریس نے فیصلہ کیا تھا ، لیکن پولیس نے یہ کہتے ہوئے اس سائیکل ریلی کو درمیان ہی میں روک دیا کہ احتجا جی ریلی کی اجازت نہیں ، پھر کئی کانگریس لیڈڑوں کو حراست میں لے کر بعد میں رہا کردیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رام لنگا ریڈی نے کہا کہ دن بدن پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ فی لیٹر پٹرول کی قیمت ایک سو روپئے پار کرچکی ہے، جبکہ ڈیزل فی لیٹر ایک سو روپئے ہوگیا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔ بی جے پی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو نبھانے میں ناکام ہیں۔ ان حالات میں عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ریاست کے 224 اسمبلی حلقوں میں کانگریس کےزیر اہتمام دونوں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی ضمیر احمد خان احتجاجی ریلی کی قیادت کررہے تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے کر بعد میں رہا کردیا ۔ ریاست کے دیگر حلقوں میں بھی پولیس نے کانگریس لیڈروں کو حراست میں لے کر رہا کیا۔